ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / فلوریڈا ایئرپورٹ پر حملہ کرنے والے مشتبہ حملہ آور پر پرتشدد کارروائی کا الزام

فلوریڈا ایئرپورٹ پر حملہ کرنے والے مشتبہ حملہ آور پر پرتشدد کارروائی کا الزام

Mon, 09 Jan 2017 12:24:22    S.O. News Service

نیویارک،8؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکہ میں استغاثہ نے ریاست فلوریڈا کے فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پر فائرنگ کرنے والے سابق سکیورٹی اہلکار پر پانچ افراد کے قتل اور چھ کو زخمی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔26سالہ مشتبہ شخص ایستیبان سینتیاگو پر بین الاقوامی ایئر پورٹ پر پرتشدد کارروائی کرنے کا الزام ہے جس میں ہلاکتیں ہوئی۔ یہ الزام ثابت ہونے پر انھیں زیادہ سے زیادہ سزائے موت سنائی جا سکتی ہے۔عدالت میں جمع کروائی گئی دستاویزات کے مطابق زیرِ حراست ملزم نے امریکی تحقیقاتی ادارے کے ایجنٹس کو بتایا کہ انھوں نے حملے کی پہلے سے منصوبہ بندی کی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انھوں نے یہ ہدف کیوں چنا اور اس معاملے میں دہشت گردی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔وکیلِ استغاثہ نے کہا کہ 'یہ الزام حالات کی سنگینی کے ساتھ ساتھ، عوام کو محفوظ بنانے کے لیے وفاقی حکومت اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم اور استقلال کو ظاہر کرتی ہے۔ایستیبان سینتیاگو کے پاس نیم خود کار بندوق تھی جو وہ الاسکا سے اپنے سامان کے ساتھ لائے تھے۔ انھوں نے تفتیشی اہلکاروں کو بتایا کہ انھوں نے فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پہنچنے کے لیے ایک طرف کا ٹکٹ خریدا تھا۔

حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ اس پرتشدد اقدام کی وجہ کہیں اُن کے دماغی مسائل تو نہیں ہیں۔ ایف بی آئی مشتبہ شخص کی صحت کا معائنہ کرے گی۔امریکہ میں حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز ایئر پورٹ پر حملہ کرنے والا شخص ریاست فلوریڈا کے فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پر حملہ کرنے کے نیت سے آیا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ عراق کی جنگ میں حصہ لینے والے ایستیبان سینتیاگو نے الاسکا سے فلوریڈا پہنچنے کے بعد اپنے سامان میں سے بندوق نکالنے کے بعد فائرنگ شروع کر دی۔

تحقیقاتی افسر کا کہنا کہ ایئر پورٹ پر حملے سے پہلے یا سفر کے دوران مشتبہ شخص نے کوئی جھگڑا وغیرہ نہیں کیا۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق مشتبہ شخص الاسکا نیشنل گارڈ کا سابق رکن تھا اور وہ اپریل 2010سے فروری 2011کے دوران عراق میں تعینات رہا ہے جبکہ اگست 2016میں اُس کی ملازمت ختم ہوئی۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ غیر تسلی بخش کارکردگی کی بنا پر ایستیبان سینتیاگو کو نوکری سے نکالا گیا۔اُن کے بھائی نے بتایا کہ حال ہی میں وہ نفسیاتی معالج کے زیرِ علاج تھے جبکہ اُن کی رشتے دار خاتون نے مقامی اخبار کو بتاتا کہ عراق میں تعیناتی کے دوران اُن کا ذہنی توازن خراب ہو گیا تھا۔

یہ اطلاعات ہیں کہ زیر حراست مشتبہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ حکومت اس کے ذہن کو کنٹرول کرتی ہے اور اسے جہادی ویڈیوز دیکھنے کو کہا جاتا ہے۔فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پر گذشتہ روز فائرنگ کے واقعے کے بعد سے اب تک ایئر پورٹ کا ٹرمینل ٹو بند ہے۔ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کا سامان بڑی تعداد میں اُن کے پاس موجود ہے۔امریکہ میں اسلحے کے ساتھ سفر کرنا قانونی ہے البتہ اسے چیکڈ ان سامان کے ساتھ ٹھوس بکسے میں رکھا جاتا ہے اور گولیوں کو بھی سامان کے ساتھ علیحدہ رکھا جا سکتا ہے۔


Share: